نیویارک: امریکا کے یومِ آزادی کی تقریبات کے دوران نیویارک کے ایک پل پر آگ بھڑک اٹھی تاہم فائرفائٹرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔
نیویارک فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق 4 جولائی کو ر بروکلین برج پر آگ لگنے کے بعد آگ بجھانے کے لیے فوری طور پر دو فائر بریگیڈ کی گاڑیاں روانہ کی گئیں جبکہ واقعے میں کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
حکام کے مطابق آگ لگنے کے وقت بروکلین برج آتش بازی کی تقریب کے باعث پہلے ہی ٹریفک کے لیے بند تھا اور گاڑیوں کو داخلے کی اجازت نہیں تھی۔
فائر ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بڑے پیمانے پر آتش بازی کے مظاہروں کے دوران اس نوعیت کے واقعات غیر معمولی نہیں ہوتے، جبکہ حفاظتی اقدامات کے تحت تماشائیوں کو محفوظ فاصلے پر رکھا جاتا ہے۔
