صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے زیار ت میں فتنہ الخوارج کے پولیس چوکی پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
چاروں شخصیات نے زیارت کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور 15 بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کوہلاک کرنے پرسکیورٹی فورسز اور پولیس کی ستائش کی۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بلوچستان میں امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی ہر سازش ناکام بنائیں گے، ریاست دہشت گردی کے خلاف پوری قوت سے کارروائی جاری رکھے گی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امن دشمن دہشتگردوں کے سدباب تک ان کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔
اس کے علاوہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہداء کے لواحقین سے تعزیت کی اور کہا دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے امن کو سبوتاژ نہیں کرسکتے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی نے کہا کہ ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں کے لیے بلوچستان کی سرزمین تنگ کردی جائے گی، ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کا انجام صرف شکست اور ہلاکت ہے۔
واضح رہے کہ زیارت میں مسلح افراد کی جانب سے پولیس چوکی پر حملہ کیا گیا جس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 9 اہلکار شہید ہوگئے جبکہ کلیئرنس آپریشن کے دوران 15 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
