فرانس میں تیز آندھی کے باعث چند ہی منٹوں میں شدید گرم موسم ٹھنڈا ہوگیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فرانس کے ہینڈائے ساحل پر گرمی کے ستائے عوام سمندر کی ٹھنڈی موجوں سے لطف لینے آئے تھے، لیکن اچانک ہی سیر و تفریح پر آئے شہری اپنا سامان اٹھا کر بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ فرانس میں ان دنوں شدید گرمی پڑ رہی ہے، اور پارہ 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا تاہم ہینڈائے ساحل پر اچانک سے گہرے بادل چھاگئے اور تیز آندھی سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 39 ڈگری درجہ حرارت 6 منٹ میں گر کر 11 ہوگیا، جس سے موسم ٹھنڈا ہوگیا۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ویڈیو بھی وائرل ہورہی ہے جس میں ساحل پر شہریوں کو دیکھا گیا اور ساتھ ہی آندھی کے مناظر بھی دیکھے گئے جس میں لوگ محفوظ مقام کی جانب بھاگتے ہوئے نظر آئے۔
