اسلام آباد: وفاقی کابینہ سے منظور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے نئے نظام کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
وفاقی کابینہ سے منظور ہونے والے پیٹرولیم مصنوعات کے نئے پرائسنگ میکنزم کے تحت اوگرا اب پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی ایکس ڈپو قیمتیں روزانہ جاری کرے گا اور قیمتوں کا اعلان وزیراعظم یا وفاقی حکومت کی الگ منظوری کے بغیر کیا جائے گا۔
دستاویزات کے مطابق اوگرا نئی قیمتوں کا تعین گزشتہ 7 روز کی اوسط عالمی قیمتوں کی بنیاد پر کیا جائے گا جبکہ ہفتہ اور اتوار کو پہلے سے جاری قیمتیں برقرار رہیں گی۔
نئے نظام کے تحت مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتیں بھی روزانہ مقرر کی جائیں گی، پیٹرولیم لیوی کابینہ کی مقررہ حد سے زیادہ عائد نہیں کی جا سکے گی، جبکہ اس کی شرح میں تبدیلی صرف فنانس ڈویژن کی منظوری سے ممکن ہوگی۔
دستاویز کے مطابق مالی سال 27-2026 میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی درآمد صرف پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے ذریعے ہوگی، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو مارکیٹ شیئر کے مطابق پیٹرول درآمد کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ درآمد یا اپ لفٹمنٹ میں ڈیفالٹ کرنے والی کمپنیوں کو 9 ماہ تک نئی درآمدی اجازت نہیں ملے گی۔
وفاقی حکومت نے متعلقہ اداروں کو نئے پرائسنگ میکنزم پر فوری عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔
