ساؤتھ چائنا سی میں فلپائن اور چین کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں دونوں ممالک کے فوجی اہلکار آپس میں گتھم گتھا ہوگئے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ساؤتھ چائنا سی کے متنازع پانیوں میں پیر گزشتہ روز دونوں ممالک کے جہازوں کے درمیان پیش آنے والے واقعے کے بعد چین اور فلپائن نے ایک دوسرے پر الزامات عائد کیے ہیں۔
فلپائن کے مطابق اس جھڑپ میں اس کی بحریہ کا ایک اہلکار سر پر چوٹ لگنے سے زخمی ہوا۔
فلپائن نے کہا کہ چینی کوسٹ گارڈ کے اہلکاروں نے سیکنڈ تھامس شول کے قریب جھڑپ کے دوران اس کے ایک اہلکار کو لکڑی کے ڈنڈے سے سر پر مارا جبکہ ایک ربڑ بوٹ کو بھی نقصان پہنچا۔
فلپائن کی مسلح افواج کے مطابق چینی کوسٹ گارڈ کی ایک کشتی، جس میں آٹھ اہلکار سوار تھے، اس کے گراؤنڈ کیے گئے جنگی جہاز کے قریب آئی اور تصاویر و ویڈیوز بنائیں۔
بیان کے مطابق جب فلپائنی بحریہ کی دو کشتیوں نے چینی جہاز کو دور کرنے کی کوشش کی تو اس کے اہلکاروں نے پرتشدد اور جارحانہ ردعمل دیتے ہوئے فلپائنی اہلکاروں کو لکڑی کے ڈنڈے سے نشانہ بنایا۔
دوسری جانب چین کا مؤقف ہے کہ اس کے اہلکار معمول کی بحری گشت پر تھے کہ فلپائن کی فوج کی دو کشتیاں تیزی سے ان کے قریب آئیں اور متعدد وارننگز نظر انداز کیا جس کے بعد چینی فوجیوں کو صورتحال کنٹرول کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے پڑے۔
