مظفر آباد: ترجمان آزاد کشمیر پولیس کا کہنا ہےکہ کالعدم کمیٹی نے لوگوں کے شناختی کارڈ لیے ہوئے ہیں، مظاہرین میں موجود لوگوں کے پاس اسنائپرگنز ہیں، کیسے سمجھا جائےکہ یہ لوگ پرامن ہیں۔
ایس ایس پی ریاض مغل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئےکہا کہ جب آپ امن کی بات کرتے ہیں تو پھر آپ کو ہتھیار لےکر نہیں نکلنا پڑتا، یہ لوگ یہ اسلحہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف استعمال کرتے ہیں، یہ منصوبہ بندی کے تحت تمام دہشت گردانہ کارروائیاں کر رہے ہیں۔
ترجمان آزادکشمیر پولیس کا کہنا تھا کہ مظاہرین نے لوگوں کا جینا مشکل کردیا ہے،گھروں سے کھانے کی چیزیں چھین لیتے ہیں،کہتے ہیں کہ یہ پرامن تھے تو پھر سفید جھنڈوں کے پیچھے اسلحہ کی تشریح کون کرے گا؟
ترجمان کا کہنا تھا کہ مظاہرین میں 70 فیصد جرائم پیشہ اور منشیات کے عادی لوگ ہیں، یہ اپنے ہی لوگوں کی گولیوں سے زخمی ہوتے ہیں اور الزام پولیس پر لگادیتے ہیں، کچھ لوگ جان بوجھ کر ایسی کارروائی کرکے اداروں پر الزام لگاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی فائرنگ سے ہمارا ایک سب انسپکٹر شہید ہوا، ایک اہلکار کی ریڑھ کی ہڈی فریکچر ہے، دیگر کئی اہلکار زخمی ہیں، پولیس کے 174 اہلکار زخمی ہوئے، اس سے پہلے ہمارے تین پولیس اہلکاروں کو شہیدکیا گیا، ان سارے واقعات سےکیسے سمجھا جائےکہ یہ لوگ پرامن ہیں۔
