بھارتی ریاست تامل ناڈو میں معروف یوٹیوبر مدھومیتا کے ساتھ ایک ہولناک واردات پیش آئی ہے، جہاں نامعلوم چور ان کے گھر سے تقریباً ایک کروڑ روپے مالیت کے سونا، ہیرے کے زیورات اور نقدی اڑا کر رفوچکر ہو گئے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ چوروں نے کوئی نقب نہیں لگائی بلکہ مدھومیتا کی اپنی ہی سوشل میڈیا ویڈیوز اور آن لائن سرگرمیوں سے حاصل کردہ معلومات کی بنیاد پر اس واردات کی پوری منصوبہ بندی کی۔
رپورٹس کے مطابق یوٹیوبر جوڑا اکثر اپنی جیولری اور کیش کے ہمراہ ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرتا تھا اور ’میں کہاں رہتی ہوں‘ جیسے سیشنز سے چوروں کو گھر کی لوکیشن مل گئی۔ جس روز یہ ڈکیتی ہوئی، مدھومیتا اپنے اہل خانہ کے ساتھ کپڑوں کی شاپنگ کے لیے باہر گئی ہوئی تھیں، اور اسی دوران چور پچھلا دروازہ کاٹ کر گھر میں گھسے اور 81 تولہ سونا اور لاکھوں روپے کا مال سمیٹ کر فرار ہو گئے۔
