بھارتی بی ایس ایف کی فائرنگ سے دو پاکستانی شہریوں کی شہادت پر پاکستان کا شدید احتجاج! دفتر خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو طلب کر کے بیڈیاں سیکٹر میں نہتے شہریوں پر فائرنگ کے واقعے پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔ پاکستان نے شہریوں کو ’درانداز‘ قرار دینے کی بھارتی کوشش کو مسترد کرتے ہوئے فوری، شفاف اور قابل اعتماد تحقیقات کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق واقعہ 2 اکتوبر 2026 کو بیڈیاں سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد کے قریب پیش آیا۔پاکستان نے واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف مناسب قانونی اور انتظامی کارروائی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔بھارتی فریق سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ تحقیقات کے نتائج اور کی جانے والی کارروائی سے پاکستان کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے۔پاکستان نے سرحدی معاملات میں طے شدہ طریقہ کار اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری پر بھی زور دیا ہے۔اسلام آباد نے ایسے واقعات کی دوبارہ روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات اور زیادہ سے زیادہ احتیاط برتنے پر بھی زور دیا ہے۔
