اداکارہ لیلیٰ حال ہی میں متھیرا کے پروگرام میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنی نجی زندگی کے ایسے پہلوؤں پر گفتگو کی جنہوں نے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی۔
لیلیٰ کا کہنا تھا کہ انہیں زندگی میں صرف ایک مرتبہ حقیقی محبت ہوئی اور وہ محبت احسن خان کے ساتھ تھی۔
دونوں کی راہیں اس وقت جدا ہوگئی تھیں جب ان کی عمریں محض 17 برس تھیں، تاہم وہ احسن خان کی شخصیت اور ان کے مثبت رویے کو آج بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں۔
لیلیٰ نے احسن خان کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی زندگی میں ایک ایسا وقت بھی آیا جب انہیں شدید مشکلات، ذاتی صدمات اور نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ اس مشکل دور میں ان کے بعض قریبی دوستوں نے بھی ان سے رابطہ ختم کرلیا تھا لیکن احسن خان نے انہیں فون کرکے ان کی خیریت دریافت کی اور حوصلہ دیا۔
لیلیٰ نے کہا کہ جب وہ زندگی کے مشکل ترین حالات سے گزر رہی تھیں اور انہیں اپنوں کی توجہ بھی حاصل نہیں تھی اس وقت احسن خان کا فون ان کے لیے بہت معنی رکھتا تھا۔
اداکارہ کے بقول احسن خان کی یہی مثبت سوچ اور اچھا رویہ ہے جس کی وجہ سے وہ آج بھی ان کا ذکر اچھے الفاظ میں کرتی ہیں۔
پروگرام کے دوران متھیرا نے لیلیٰ سے ان کی شادی کے بارے میں بھی سوال کیا، جس پر اداکارہ نے بتایا کہ زندگی میں پیش آنے والے مسلسل صدمات اور گھریلو ذمہ داریوں نے انہیں شادی کے بارے میں سوچنے کا زیادہ موقع نہیں دیا۔
لیلیٰ نے مزید بتایا کہ ان کے خاندان کی ذمہ داریاں ان کے کندھوں پر ہیں اور گھر والے ان پر انحصار کرتے ہیں۔ وہ چاہتی ہیں کہ اگر مستقبل میں ان کی زندگی میں کوئی شریکِ سفر آئے تو وہ ان کے حالات، ذمہ داریوں اور خاندانی معاملات کو سمجھنے والا ہو۔
اداکارہ لیلیٰ کے بقول شادی صرف ایک رشتہ نہیں بلکہ ایک دوسرے کی ذمہ داریوں اور حالات کو سمجھنے کا نام بھی ہے۔
