کینبرا (8 مئی 2026): آسٹریلیا نے کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کو دہشتگرد تنظیم قرار دینے کا اعلان کرتے ہوئے پابندیاں عائد کر دیں۔
آسٹریلیا کی حکومت نے جاری کردہ بیان میں کہا کہ کالعدم بی ایل اے کے بشیر زیب سمیت تین لوگوں پر مالی پابندیاں لگائیں، اس کے کارندوں سے لین دین پر قانونی کارروائی ہوگی۔
بیان میں کہا گیا کہ کالعدم بی ایل اے سے لین دین یا تعلق پر بھاری جرمانہ اور 10 سال تک کی قید ہو سکتی ہے، اس پر پابندی دہشتگرد حملے کرنے اور حمایت پر لگائی گئی۔
’کالعدم بی ایل اے کے دہشتگرد حملوں میں پاکستان میں غیر ملکی شہریوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ اس پر پابندی یو این سلامتی کونسل فریم ورک کے تحت لگائی گئی۔‘
اگست 2025 میں امریکا نے بھی کالعدم بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشتگرد تنظیم قرار دیا تھا۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ کالعدم بی ایل اے اور اس کا ذیلی گروپ مجید بریگیڈ غیر ملکی دہشتگرد تنظیم ہے۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ کالعدم بی ایل اے 2019 سے عالمی دہشتگرد تنظیموں کی فہرست میں شامل ہے ، اس نے 2024 میں کراچی ایئرپورٹ، گوادر پورٹ پر خودکش حملوں کی ذمہ داری قبول کی جبکہ 2025 میں جعفر ایکسپریس ہائی جیکنگ اور 31 افراد کے قتل کا اعتراف کیا، ٹرین ہائی جیکنگ میں 300 سے زائد مسافر یرغمال بنائے گئے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے کہا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ کا دہشتگردی کے خلاف عزم برقرار رہے گا۔
