امریکا نے متحدہ عرب امارات ( یو اے ای) کو برآمدات کے لیے خصوصی سہولتوں والے ممالک کی فہرست میں شامل کردیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق خصوصی سہولتوں والے ممالک کی فہرست میں شامل ہونے سے متحدہ عرب امارات کی جدید امریکی ٹیکنالوجی اور دفاعی سامان تک رسائی آسان ہوگئی ہے۔
خبرایجنسی کے مطابق متحدہ عرب امارات اے 5 ایکسپورٹ کیٹگری میں شامل ہونے والا پہلاخلیجی اور ترکیے کے بعد دوسرا اسلامی ملک ہے۔
خلیجی میڈیا کے مطابق اس نئی درجہ بندی کے تحت متحدہ عرب امارات کی حکومت اور منظور شدہ تجارتی ادارے، مقررہ شرائط کی پابندی کرتے ہوئے اسٹریٹجک ٹریڈ آتھرائزیشن (STA) کی رعایت کے تحت متعدد اہل اشیاء انفرادی برآمدی لائسنس کے بغیر حاصل کر سکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق ان اشیاء میں امریکی محکمہ تجارت کے ضوابط کے تحت آنے والے بعض فوجی آلات، تجارتی سیٹلائٹس اور خلائی جہاز شامل ہیں، جن سے تیل و گیس کی پیداوار، سمندری پانی کو میٹھا بنانےکے منصوبوں اور سول جوہری توانائی کے شعبوں میں استفادہ کیا جاتا ہے۔
امریکی محکمہ تجارت نےکہا ہےکہ ان اقدامات سے متحدہ عرب امارات کی تجارتی، بنیادی ڈھانچے اور دفاعی ضروریات کو تقویت ملے گی، جب کہ مشرقِ وسطیٰ میں امریکی مفادات کے فروغ میں بھی مدد ملےگی۔
یہ رعایت ایران کیخلاف جارحیت میں حمایت کا نتیجہ ہے:کاظم غریب آبادی
دوسری جانب ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے متحدہ عرب امارات کے لیے امریکی تجارتی پالیسیوں میں رعایت کو ایران کے خلاف جارحیت میں حمایت کا نتیجہ قرار دیا ہے۔
ایک بیان میں کاظم غریب آبادی نے متحدہ عرب امارات کے احتساب کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی محکمہ تجارت کی برآمدات پر کنٹرول کے ضوابط میں نرمی ایران کے خلاف عسکری جارحیت کی حمایت کے بدلے میں دی گئی ہے۔
