امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے نے مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجیز کے استعمال میں تیزی لانے کا اعلان کیا ہے۔
سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف نے اعلان کیا ہے کہ ایجنسی جاسوسی اور جنگ کے طریقوں کو تیزی سے بدلنے والی کوانٹم کمپیوٹنگ، مصنوعی ذہانت اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز کے استعمال کو تیز کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ سی آئی اے طویل عرصے سے دنیا بھر میں اپنے خفیہ اہلکاروں کی مدد کے لیے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی آلات استعمال کرتی آرہی ہے۔
جان ریٹکلف کے مطابق رواں سال جنوری میں وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی گرفتاری اور اپریل کے اوائل میں ایران میں مار گرائے گئے ایک امریکی طیارے کے پائلٹ کے ریسکیو آپریشن میں بھی سی آئی اے کی ٹیکنالوجی نے اہم کردار ادا کیا۔
سی آئی اے کے سربراہ نے اعلان کیا کہ ایک نیا شعبہ قائم کیا جائے گا جو سائبر سکیورٹی اور جدید ڈیٹا پر توجہ دے گا جبکہ نئی پالیسیوں کے تحت نئی ٹیکنالوجی اپنانے کا دورانیہ تقریباً تین سال سے کم کر کے صرف 6 ماہ کر دیا جائے گا۔
