0

ایران نے 14 نکاتی معاہدے میں امریکا کو ایک نکتے پر بھی کوئی رعایت نہیں دی، ایرانی صدر

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نےکہا ہےکہ ایران نے امریکا کے ساتھ 14 نکاتی معاہدے میں ایک نکتے پر بھی کوئی رعایت نہیں دی۔

ایرانی سپریم جوڈیشل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ حالیہ 14 نکاتی معاہدے کی کسی بھی شق میں ایران نے اپنے حقوق، اصولوں، قومی مفادات، انقلابی اقدار یا اپنے عقائد سےکسی قسم کی پسپائی اختیار نہیں کی۔

ایرانی صدر نےکہا کہ معاہدے کی شقوں کا باریک بینی سے جائزہ لینے سے واضح ہوتا ہےکہ زیادہ تر کامیابیاں ایران کے حق میں ہیں، جب کہ عملی طور پر ایسی کوئی شق موجود نہیں جو صرف امریکی فریق کو یک طرفہ فائدہ پہنچاتی ہو۔

مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ ایران ملک اور قوم کے مفادات کے دفاع کے لیے آخری دم تک ڈٹا رہےگا، تاہم انہوں نے مزاحمت کے فطری نتائج کے بارے میں حقیقت پسندانہ رویہ اپنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ جب دشمن کے مقابلے میں ڈٹ جانے اور مزاحمت کا فیصلہ کیا جاتا ہے تو اس فیصلے کے نتائج کو بھی قبول کرنا پڑتا ہےکیونکہ جنگی حالات میں کسی معاشرے سے یہ توقع نہیں کی جا سکتی کہ اسے کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں