0

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، فتنہ الہندوستان کے 17 دہشتگرد ہلاک

سکیورٹی فورسز  نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے، آپریشنز  میں  فتنہ الہندوستان کے17دہشتگردوں کو ہلاک کردیاگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے یہ آپریشنز 24مئی کے ٹرین واقعہ کے بعد مستونگ، نوشکی، زہری،خضدار  اور کیچ کے اضلاع میں کیے، دہشت گردوں کی ہلاکت سے ان علاقوں میں دہشت گرد نیٹ ورکس کو بہت زیادہ نقصان ہوا۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، بڑی مقدار میں بارودی مواد اور  آئی ای ڈیز برآمد کرلی گئی، یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہے تھے، ان علاقوں میں کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق اداروں کی ملک گیر  انسدادِ دہشت گردی مہم بھرپور انداز میں جاری رہے گی، ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خطرے کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

صدرِ مملکت کا فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

صدرِ مملکت نے بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

صدرِ مملکت نے سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کا جڑ سے خاتمہ اولین ترجیح ہے، فتنہ الہندوستان اور  اس کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

وزیراعظم کا بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی بھارتی حمایت یافتہ 17 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی کامیابیاں قوم کے عزم، اتحاد کی عکاس ہیں۔

وزیراعظم نے کہا بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا، انہوں نے کہا پاکستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

وزیراعظم نے واضح کردیا کہ پاکستان کے امن، استحکام اور ترقی کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں