0

بھارتی آرمی چیف کے اشتعال انگیز بیان پر آئی ایس پی آر کا سخت ردعمل، ہندوتوا سوچ کی شدید مذمت

راولپنڈی(17 مئی 2026): پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بھارتی آرمی چیف کے پاکستان سے متعلق حالیہ انٹرویو میں دیے گئے اشتعال انگیز بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے بھارتی قیادت کے ذہنی دیوالیہ پن، تنگ نظر سوچ اور جنگی جنون کا عکاس قرار دیا ہے۔

ترجمان افواج پاکستان کا کہنا ہے کہ آٹھ دہائیاں گزرنے کے باوجود بھارتی قیادت نے تاریخ سے کوئی سبق نہیں سیکھا۔ مودی سرکار کی متکبرانہ سوچ جنوبی ایشیا کو بار بار بحرانوں کی طرف دھکیل رہی ہے اور بھارتی قیادت نے پاکستان کو آج تک دل سے تسلیم ہی نہیں کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہندوتوا سوچ کے برعکس پاکستان عالمی سطح پر ایک انتہائی اہم ملک اور تسلیم شدہ ایٹمی طاقت ہے، جو جنوبی ایشیا کے جغرافیے اور تاریخ کا ناقابل تردید حصہ ہے۔

آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ ایک ایٹمی ہمسائے کو جغرافیے سے مٹانے کی دھمکی دینا کوئی اسٹریٹجک سگنلنگ نہیں بلکہ جنون اور جنگی اشتعال انگیزی کا مظہر ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ایسی کسی بھی جغرافیائی تباہی کے اثرات یقیناً دوطرفہ اور ہمہ گیر ہوں گے۔

ترجمان نے یاد دلایا کہ ذمہ دار ایٹمی ریاستیں تحمل، پختگی اور اسٹریٹجک سنجیدگی کا مظاہرہ کرتی ہیں، وہ تہذیبی برتری یا کسی قوم کو صفحۂ ہستی سے مٹانے کی زبان استعمال نہیں کرتیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارتی بیانیہ انسانی تاریخی حقیقت کو پس پشت ڈالتا ہے۔ بھارت خود خطے میں دہشت گردی کو فروغ دینے والا، ریاستی دہشت گردی کا سرپرست، علاقائی عدم استحکام کا بڑا سبب اور سرحد پار ٹارگٹ کلنگز کا مرتکب ہے، جبکہ عالمی سطح پر گمراہ کن ڈس انفارمیشن مہم کا مرکز بھی رہا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق نئی دہلی کی یہ جارحانہ زبان دراصل اس کے اعتماد کو نہیں بلکہ شدید مایوسی کو ظاہر کرتی ہے۔ پاکستان کو نقصان پہنچانے میں ناکامی پر بھارت مایوسی کا شکار ہے اور ‘معرکہ حق’ کے دوران بھارت کی یہ مایوسی پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے۔

ترجمان افواج پاکستان نے متنبہ کیا ہے کہ بھارتی قیادت جنوبی ایشیا کو ایک اور بحران یا جنگ کی طرف دھکیلنے کی کوشش نہ کرے، کیونکہ کسی بھی نئی جنگ کے نتائج نہ صرف پورے خطے بلکہ اس سے باہر بھی تباہ کن ثابت ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں