نادرا کے سابق چیئرمین اور ورلڈ بینک کے موجودہ مشیر پاکستانی نژاد طارق ملک کی ڈیجیٹل شناخت اور پبلک انفرا اسٹرکچر کے شعبے میں مہارت، خدمات اور صلاحیتوں کو عالمی سطح پر تسلیم کرتے ہوئے انہیں اس شعبے کے دنیا بھر میں ماہر ترین 25 افراد میں تسلیم کرلیا گیا ہے۔
ان 25 ماہرترین افراد کے نام اور تصاویر 4 مئی کی صبح عالمی شہرت یافتہ ٹائمز اسکوائر نیویارک کی اسکرین پر پیش کرکے اعلان کیا جائے گا۔
ڈیجیٹل شناخت، آئی کلاؤڈ اور سائبر سکیورٹی کے عالمی شہرت یافتہ پلیٹ فارم (OKTA) نے دنیا بھر میں اس شعبے سے ایسے 25 افراد کا انتخاب کیا جن کی مہارت اور خدمات نے ڈیجیٹل شناخت، سکیورٹی اور ڈیجیٹل ٹرسٹ کے شعبے میں عالمی سطح پر اپنی مہارت کے اثرات مرتب کیے ہیں۔
نامور پاکستانی محقق اور دانشور پروفیسر فتح ملک کے صاحبزادے طارق ملک ورلڈ بینک کے موجودہ ٹیکنیکل ایڈوائزر کے عہدے سے قبل اقوام متحدہ میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں اور بے نظیر انکم سپورٹ کے ڈیجیٹل نظام کے خالق بھی ہیں۔
اپنے ایک نجی دورہ امریکا کے دوران بے نظیر بھٹو شہید کی ملاقات طارق ملک سے ہوئی تھی اور بے نظیر بھٹو نے طارق ملک کو پاکستان آنے اور ملک کی خدمت کرنے پر آمادہ کیا۔
پھر طارق ملک نے اپنی ماہرانہ صلاحیتوں کے ساتھ پاکستان میں اپنی خدمات انجام دیں، بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد بھی نادرا، ڈیجیٹل شناخت اور سکیورٹی کے نظام کو موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق استوار کرنے میں پیش پیش رہے حتیٰ کہ نادرا کے چیئرمین بھی رہے۔
