0

سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس: ملزمان زبیر چریا اور رحمان بھولا کو سینٹرل جیل سے رہاکردیاگیا

بلدیہ فیکٹری کیس کے ملزمان زبیر عرف چریا اور رحمان عرف بھولا کورہاکردیاگیا۔

سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل نے بتایا کہ دونوں افراد سینٹرل جیل میں قید تھے،  دونوں افراد کو قانونی کارروائی مکمل ہونےکے بعد جیل سے رہا کردیا۔

رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ نے رحمان بھولا اور زبیر چریاکے ریلیز آرڈر جاری کیے تھے جس کے بعد یہ ریلیز  آرڈر انسداد دہشت گردی عدالت اور سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل کو ارسال کیےگئے۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ میں رواں ماہ 10 جون کو سانحہ بلدیہ ٹاؤن سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی تھی جس میں عدالت نے دونوں ملزمان کا ٹرائل کورٹ اور سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے سنایا گیا سزائے موت کا فیصلہ کالعدم قرار دیا تھا۔

جسٹس شہزاد ملک کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے ملزمان عبدالرحمان عرف بھولا اور زبیر عرف چریا کی اپیلیں منظور کر تے ہوئے انہیں بری کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔

دوسری جانب سانحہ بلدیہ فیکٹری کے متاثرین اور مزدور تنظیموں نے کیس دوبارہ کھولنے کا مطالبہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں