فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عیدالاضحیٰ کےموقع پربلوچستان کےضلع ژوب میں مغربی سرحدوں پر اگلےمورچوں کا دورہ کیا اور جوانوں کےساتھ عید منائی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے جوانوں کے ساتھ نماز عید ادا کی، نماز کے بعد پاکستان میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں اور ان شہداء کے لیے بھی دعا کی گئی جنہوں نے وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
فیلڈ مارشل نے افسران اور جوانوں کو عید کی مبارک باد دیتے ہوئے ان کے غیر معمولی حوصلے، مضبوط عزم، آپریشنل تیاری اور غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مقابلے میں مسلسل چوکسی کو سراہا۔ انہوں نے ملک کو دہشت گردی کے خطرے اور دشمن عناصر کی سازشوں سے محفوظ رکھنے پر فوج کے بے مثال عزم اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نےکوئٹہ میں ہونے والے حالیہ بزدلانہ دہشت گرد حملےکی مذمت کرتے ہوئےکہا کہ یہ حملہ بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندستان اور اس کے نیٹ ورکس نے کیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایسے غیر انسانی اور وحشیانہ اقدامات نہ تو پاک فوج کے عزم کو کمزور کرسکتے ہیں اور نہ ہی پاکستانی قوم کے حوصلےکو، دہشت گردی کے تمام سہولت کاروں کے خلاف پوری قوت سے آپریشن جاری رکھیں گے۔
