برطانیہ کے لوکل الیکشنز میں ایک اور اہم مقابلے کا نتیجہ سامنے آ گیا جہاں لیبر کونسلر ارشید محمود کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ورکر پارٹی کے امیدوار محمد شفیق نے سخت مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کر لی۔ ووٹوں کی گنتی کے دوران دونوں امیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ دیکھنے میں آیا تاہم آخر میں محمد شفیق نے واضح برتری حاصل کرتے ہوئے میدان مار لیا۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ نتیجہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ مقامی سطح پر ووٹرز اب روایتی سیاسی جماعتوں کے بجائے متبادل سیاسی قوتوں کی جانب بھی توجہ دے رہے ہیں۔ ورکر پارٹی کی بڑھتی ہوئی کارکردگی نے کئی حلقوں میں لیبر پارٹی کے لیے مشکلات پیدا کر دی ہیں۔
محمد شفیق کی کامیابی کو مقامی کمیونٹی میں بڑی سیاسی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے جبکہ ارشید محمود کی شکست لیبر پارٹی کے لیے ایک اور بڑا دھچکا سمجھی جا رہی ہے۔
