ایک امریکی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ ایران کے خلاف امریکا اور سرائیل کی جنگ کے دوران متحدہ عرب امارات نے بھی ایران کے خلاف درجنوں فضائی حملے کیے۔
امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ اس معاملے سے واقف افراد کے مطابق متحدہ عرب امارات نے یہ حملے جنگ کے ابتدائی دنوں سے شروع کیے اور جنگ بندی کے اعلان کے اگلے روز تک جاری رکھے۔
ذرائع کے مطابق یہ حملے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ مکمل ہم آہنگی سے کیے گئے جنہوں نے امارات کو انٹیلی جنس فراہم کی۔
ان حملوں میں آبنائے ہرمز میں واقع قشم اور ابو موسیٰ جزائر، بندر عباس، خلیج فارس میں لاوان جزیرے کی آئل ریفائنری اور عسلویہ کے پیٹروکیمیکل کمپلیکس کو نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع کے مطابق ان حملوں میں ایران کی توانائی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا جو ایران کی جانب سے اماراتی آئل اور گیس انفراسٹرکچر پر حملوں کے جواب میں کیے گئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ عسلویہ پیٹروکیمیکل کمپلیکس پر حملہ اسرائیل کے ساتھ مل کر کیا گیا تھا جو عالمی سطح پر شدید ردعمل کا باعث بنا۔ اس حملے کے بعد امریکا نے اسرائیل سے توانائی تنصیبات پر حملے روکنے کا مطالبہ کیا تھا۔
