واشنگٹن: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کی جس میں پاک امریکا تعلقات اور مشرق وسطیٰ کی صورت حال پرگفتگو ہوئی۔
دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاک امریکا دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے بدلتی ہوئی علاقائی وعالمی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا اور تجارت اور سرمایہ کاری سمیت دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق فریقین نے سکیورٹی اور دہشتگردی کے خاتمے پر بھی دوطرفہ تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق کیا اور پاک امریکا شراکت داری کو آگے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں امریکی وزیرخارجہ نے خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی اور مصالحتی کوششوں کا اعتراف کیا۔
دوسری جانب امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ پاکستانی نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات ہوئی، مشرقِ وسطیٰ میں امن کے فروغ کیلئے پاکستان کے کردار پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے باہمی تعاون مزید مضبوط بنانا ضروری ہے، ہم نے ایک بامعنی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کی اہمیت پرزور دیا۔
