ٹرمپ انتظامیہ نے ترکیہ کو 700 ملین ڈالرز کے جیٹ انجنز کی فروخت کے ارادے سے کانگریس کو آگاہ کردیا۔
رپورٹ کے مطابق کانگریس اگر چاہے تو 15 دن کے اندر اس فروخت کے فیصلے کو روک سکتی ہے تاہم ٹرمپ کے پاس ویٹو کا اختیار موجود رہے گا۔
واضح رہے کہ کچھ امریکی ارکان کانگریس اس فروخت پر اس لیے اعتراض کر رہے ہیں کہ ترکیہ نے 2019 میں روس سے ایس 400 ائیر ڈیفنس سسٹم خریدا ہے۔
جنرل الیکٹرک کے تیار کردہ ان جیٹ انجنز کو ترکیہ اپنے پہلے لڑاکا طیارے KAAN میں نصب کرے گا۔
ایس 400 سسٹمز کی خریداری نے ترکیہ امریکا تعلقات میں تناؤ پیدا کردیا تھا اور امریکا نے ترکیہ پر پابندی لگاتے ہوئے اسے ایف 35 لڑاکا طیاروں کی فروخت کا منصوبہ معطل کردیا تھا۔
