اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف گلگت بلتستان کے الیکشن میں پیپلز پارٹی کو اکثریت حاصل کرنے پرمبارکباد پیش کی ہے۔
وزیراعظم نے پرامن الیکشن کے انعقاد پر گلگت بلتستان کے عوام کو بھی مبارکباد پیش کی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان میں اکثریتی سیاسی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے، پیپلزپارٹی مبارکباد کی مستحق ہے، صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اس کے علاوہ (ن) لیگ کے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے اچھا مقابلہ کیا،مسلم لیگ (ن) کی ٹیم نے بھرپور محنت کی، ان کو شاباش دیتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت پرگلگت کے عوام بھی تحسین کے لائق ہیں، پرامن، شفاف الیکشن اور سیاسی سرگرمیاں جمہوریت کا حسن ہیں، الیکشن کمیشن نے شفاف اور غیر جانبدار الیکشن یقینی بنایا جو قابل ستائش ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پر امن الیکشن کے انعقاد میں بھرپور کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی کیلئے پولنگ کے بعد غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے جس میں اب تک پاکستان پیپلزپارٹی نے سب سے زیادہ 9 نشستوں پر میدان مار لیا ہے۔
