(22 مئی 2026): بھارت میں نوجوانوں کیلیے کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) بنانے والے 30 سالہ ابھیجیت دیپکے کو قتل کی دھمکیاں ملنا شروع ہوگئیں۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق کاکروچ جنتا پارٹی بنانے پر ٹرولنگ اور تنقید کا سامنا کرنے کے بعد ابھیجیت دیپکے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دعویٰ کیا کہ انہیں قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ انہوں نے شیئر کی گئی مختلف پوسٹس میں ان پیغامات کے اسکرین شاٹس بھی دکھائے جو انہیں واٹس ایپ پر موصول ہوئے۔
ابھیجیت دیپکے نے پارٹی 16 مئی کو چیف جسٹس سوریا کانت کے ایک سماعت کے دوران دیے گئے ریمارکس کے بعد بنائی تھی۔ چیف جسٹس نے بھارت کے بے روزگار نوجوانوں کو کاکروچ قرار دیا تھا۔
30 سالہ ابھیجیت دیپکے اس وقت امریکا میں ہیں جہاں وہ پبلک ریلیشنز کی ڈگری حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے بھارتی نمبروں سے ملنے والی قتل کی دھمکیوں کے اسکرین شاٹس شیئر کیے۔
ایک اسکرین شاٹ میں بھیجے گئے پیغام میں لکھا ہے کہ ’ابھی تو نمبر ملا ہے تیرا گھر ملنے میں دیر نہیں لگے گی‘۔ اسی اسکرین شاٹ کے ایک اور پیغام سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ دھمکی دینے والا ان کے والدین کے پتے سے واقف ہے۔
جمعرات کے روز بھارت میں اس پارٹی کا ایکس اکاؤنٹ بلاک کر دیا گیا تھا جس کے جواب میں ابھیجیت دیپکے نے ایک نیا اکاؤنٹ بنایا، جس نے محض ایک دن میں 1 لاکھ 60 ہزار سے زیادہ فالوورز حاصل کر لیے۔
