لاہور: وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے آزاد کشمیر کے الیکشن میں عوام نے ترقی اور جدت کو ووٹ دیا جسے مخالفین کو دل سے تسلیم کرنا چاہیے، کل چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کسی کا گلا پکڑا پھر ساری رات پیر پکڑ کر بیٹھے رہے۔
عظمیٰ بخاری کا لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا وزیراعلیٰ پنجاب نے گزشتہ 18 ماہ میں جو کام کیے وہ سب کے سامنے ہیں، کراچی میں ٹرانسپورٹ سسٹم کیوں نہیں، کچرا کیوں نہیں اٹھایا جاتا، آپ 18 سال کی کارکردگی دکھا دیں۔
ان کا کہنا تھا آزاد کشمیر کے عوام نے ترقی اور جدت کو ووٹ دیا، میرپور ڈویژن کے عوام نے ووٹ کے ذریعے اپنا فیصلہ سنایا، ازاد کشمیر کے لوگوں نے ن لیگ کو چنا، انتخابی نتائج کو کھلے دل سے تسلیم کیا جانا چاہیے، عوامی فیصلوں کو تسلیم کرنا ہی سیاست ہے۔
انہوں نے کہا میرپور ڈویژن کے انتخابات کے بعد ایک جماعت کے ذہنی دباؤ اور فرسٹریشن میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، کل بلاول بھٹو زرداری کو سنا وہ کسی کو سن رہے تھے، ہمیں شرمندہ کر دو بتا کر کہ یہ 18 سال میں ہم نے کیا، یہ رائے ونڈ کا نام لے کر اسے تضحیک کا نشانہ بناتے ہیں، بلاول صاحب اپنی تقریر میں کسی کو فالو کرنے کی کوشش کر رہے تھے، پیپلزپارٹی کے ہارے ہوئے لوگوں کو 25، 25 کروڑ روپے کے فنڈز ملے۔
وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کشمیر کے لوگوں کو یہ اپنی کارکردگی کبھی نہیں بتا پائیں گے لیکن میں آج آپ کو مریم کا پنجاب اور بلاول کا سندھ دکھاؤں گی، گرین بسیں تمام اضلاع میں چل رہی ہے، میل پروگرام جنوبی پنجاب کے اضلاع کے بچوں کے لیے ہے، ساؤتھ پنجاب کی بہت فکر ہوتی ہے بلاول صاحب کو، وہاں میٹرو چلی تو ن لیگ نے چلائی، طیب اردوان اسپتال بنایا، بیوٹی فکیشن پروگرام میں تمام ڈسٹرکٹس کو بیوٹیفائی کر رہے ہیں، پنجاب سے آپ کا ایم پی اے ، ایم این اے جیتتا نہیں، آپ کشمیر کی بات کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلاول صاحب ہمیں اپنی 18 سال کی کارکردگی کے بارے میں نہیں بتاتے کہ آپ لوگوں نے سندھ کے لیے کیا کیا، کراچی کے عوام کو عام ٹرانسپورٹ تک فراہم نہیں کر سکے، بلاول صاحب نے بڑا ذکر کیا تھا کہ پنجاب کی سڑکوں کی حالت خراب ہے، دعوت دوں گی کہ آئیں اور پنجاب کی ترقی ان کو لائیو دکھائی جائے، مریم کا پنجاب اور بلاول کا سندھ دیکھ لیں، جو اپنے گھر کی سڑکیں نہ بنا سکے وہ کشمیر کی سڑکیں کیا بنائیں گے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا پنجاب میں بھی بتایا تھا زیادہ بارش ہوتا ہے تو زیادہ پانی آتا ہے، پنجاب میں واسا کو جدید مشینری فراہم کی گئی ہے، پنجاب میں ائیر ایمبولینس ہے اور سندھ میں سائیکل چلا دی گئی ہے، مریم نواز سمجھتی ہیں کہ تمام بچوں کا حق ہے کہ ان کو لیپ ٹاپ اور اسکالرشپ ملے، سندھ کے بچے تعلیم کے لیے احتجاج کر رہے ہیں، کراچی کی روشنیاں نوازشریف نے بحال کی تھیں، آپ کہنا کیا چاہتے ہیں آپ کا مسئلہ کیا ہے، کل بلاول صاحب نے کسی کا گلہ پکڑا پھر ساری رات پیر پکڑ کر بیٹھے رہے۔
