بچوں سے جنسی زیادتی کے مجرم برطانوی شہری شبیر احمد کو زبردستی پاکستان بھیجنے کے تنازع پر برطانوی وزیرِ داخلہ شبانہ محمود کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
برطانوی حکومت نے دھمکی دی ہے کہ اگر پاکستان گرومنگ گینگ کے سرغنہ کو واپس لینے سے انکار کرتا ہے تو پاکستان پر مختلف پابندیاں لگائی جاسکتی ہیں۔
برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی کا کہنا ہے کہ شبانہ محمود انتہائی دائیں بازو کے حلقوں کو خوش کرنے کے لیے ایسا کررہی ہیں۔
واضح رہے کہ 2012 میں جنسی جرائم میں سزا یافتہ شبیر احمد حال ہی میں جیل سے رہا ہوا تھا۔
برطانیہ کا موجودہ قانون کیا ہے؟
برطانیہ کا موجودہ قانون ‘امیگریشن ایکٹ 1971’ (Immigration Act 1971) ہے۔ اس قانون کے تحت دولت مشترکہ کا کوئی بھی شہری جو 1973 سے پہلے برطانیہ آیا ہو اور اسے ملک میں رہتے ہوئے 5 سال گزر چکے ہوں، اسے برطانیہ سے بے دخل (deport) نہیں کیا جاسکتا۔
چونکہ شبیر احمد 1960 کی دہائی کے آخر میں برطانیہ آیا تھا، اس لیے یہ پرانا قانون اسے تحفظ فراہم کر رہا ہے اور اس کی ملک بدری کی راہ میں سب سے بڑی قانونی رکاوٹ ہے۔
