0

ہر خاندان کو ماہانہ 12 ہزار 120 روپے نقد دیے جائیں گے ، بڑا اعلان ہوگیا

پشاور: پی ڈی ایم اے نے شمالی وزیرستان اور خوست کے متاثرین کے لیے بڑی امداد جاری کرتے ہوئے کہا ہر خاندان کو ماہانہ 12 ہزار 120 روپے نقد دیے جائیں گے جبکہ نقد رقم کے علاوہ ہر خاندان کو ماہانہ 8 ہزار روپے مالیت کا فوڈ راشن بھی فراہم کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا نے شمالی وزیرستان اور خوست کے متاثرین کے لیے جولائی اور اگست 2025 کے بقایا جات کی مد میں کروڑوں روپے کی مالی امداد جاری کرنے کا باقاعدہ فیصلہ کر لیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا کہ مجموعی طور پر 17 ہزار 788 متاثرہ خاندانوں کو نقد رقم اور فوڈ راشن فراہم کیا جائے گا۔

مراسلے میں کہنا تھا کہ متاثرہ خاندانوں کے لیے 71 کروڑ 86 لاکھ 35 ہزار 200 روپے جاری کیے گئے ہیں، ہر خاندان کو ماہانہ 12 ہزار 120 روپے نقد دیے جائیں گے جبکہ نقد رقم کے علاوہ ہر خاندان کو ماہانہ 8 ہزار روپے مالیت کا فوڈ راشن بھی فراہم کیا جائے گا۔

یہ ادائیگیاں موبائل سمز کے ذریعے کی جائیں گی تاکہ فنڈز کی براہِ راست اور شفاف منتقلی کو یقینی بنایا جا سکے۔

حکام نے ہدایت کی ہے کہ امدادی فنڈز کی تقسیم کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ مراسلے میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ یہ امدادی رقم صرف جولائی اور اگست 2025 کے عرصے کے لیے مختص ہے، غیر تقسیم شدہ رقم اور سروس چارجز 60 روز کے اندر واپس جمع کروانے ہوں گے۔

متعلقہ حکام کو تمام ریکارڈ اور آڈٹ کی تفصیلات پی ڈی ایم اے کو فراہم کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے، اس اقدام کا مقصد متاثرین کی معاشی مشکلات کو کم کرنا اور انہیں بروقت بنیادی ضروریات فراہم کرنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں