گلگت بلتستان انتخابات میں مشترکہ امیدوار اور پارٹی ٹکٹوں پر اختلافات سامنے آگئے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) قیادت نے سب سے پہلے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ)کے نشان پر لڑنے کیلئے محمود اچکزئی سے رابطہ کیا۔
ذرائع نے بتایاکہ محمود اچکزئی نے پی ٹی آئی رجسٹریشن مسائل کی وجہ سے اپنی پارٹی قائدین کوپشاوربھیجا، پی کے میپ کی قیادت پشاور میں پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت سے ملی، خالد خور شید سے مشاورت میں پی کے میپ کے نشان پر لڑنے سے پی ٹی آئی قائدین نے انکار کیا۔
ذرائع کے مطابق ایم ڈبلیو ایم نے بھی پی ٹی آئی کو گلگت بلتستان میں اتحادکی آفر کی، اپوزیشن لیڈر سینیٹر علامہ راجا ناصر عباس نے 16 نشستوں پر اتحاد کرنےکا کہا تاہم پی ٹی آئی مرکزی قیادت نے ایم ڈبلیو ایم کے نشان پر انتخابات میں حصہ لینے سے انکارکیا۔
ذرائع کے مطابق علامہ راجا ناصر عباس نے خالد خورشید کو گلگت بلتستان میں مشترکہ جلسے کرنےکا کہا جس پر خالد خور شید نے کہا کہ جلسے کے لیے پارٹی کے پاس پیسے نہیں ہیں۔
ذرائع نے یہ بھی بتایاکہ پی ٹی آئی قیادت نے ایم ڈبلیو ایم کے ساتھ اتفاق نہ ہونےکی وجہ مذہبی بنیادوں پر ووٹ کو قرار دیا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی قیادت سے ایم ڈبلیو ایم، پی کے میپ سمیت مزید دو جماعتوں کی قیادت کے رابطے ہوئے لیکن اتفاق نہ ہوسکا۔
