0

زین الدین زیڈان فرانس کی قومی فٹبال ٹیم کے نئے ہیڈکوچ مقرر

فرانس کے سابق کپتان زین الدین زیڈان کو فرانس کی قومی فٹبال ٹیم کا ہیڈکوچ مقررکردیا گیا۔

زین الدین زیڈان دیدیے دیشامپ کی جگہ سنبھالیں گے، وہ  2030 ورلڈکپ کےکوالیفائنگ مرحلے تک فرانسیسی ٹیم کے ہیڈکوچ ہوں گے۔

اپنی تقرری کے حوالے سے زیڈان کا کہنا ہےکہ  فرانس ٹیم کی کوچنگ میرے لیے بے حد فخر کا باعث ہے، یہ میرا خواب  بھی تھا، مجھے گزشتہ 5 برسوں میں مجھے مختلف کلبوں کی کوچنگ  کی کئی پیشکشیں ہوئیں لیکن میں نے سب کو مسترد کر دیا کیونکہ میں صرف فرانس کی قومی ٹیم کی کوچنگ کرنا چاہتا تھا۔

 زیڈان نے مزیدکہا کہ  میں  اس چیلنج کے لیے پوری طرح تیار ہوں، میں اپنی پوری صلاحیت صرف کروں گا تاکہ یہ ٹیم کامیاب ہو۔

خیال رہے کہ 54 سالہ زیڈان فرانس کی تاریخ کے عظیم ترین فٹبالرز میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے 1998 کے ورلڈ کپ میں فرانس کو پہلی بار عالمی چیمپئن بنایا، 2006کے ورلڈکپ میں وہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، تاہم فائنل میں اٹلی کے مارکو ماتراتسی کو سر سے ٹکر مارنے پر انہیں ریڈکارڈ دکھایا گیا۔

زیڈان  نے بطور کوچ ریال میڈرڈ کے ساتھ مسلسل تین یوئیفا چیمپئنز لیگ ٹائٹل جیتے اور ٹیم کو 2 مرتبہ اسپینش لیگ لالیگا کا ٹائٹل بھی جتوایا۔ مئی 2021 میں ریال میڈرڈ کی کوچنگ چھوڑنے کے بعد سے وہ کسی بھی ٹیم کی ذمہ داری نہیں سنبھال رہے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں