بنگلادیش کے پاکستانی بولنگ کوچ مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ رضوان سے جھگڑے پر لٹن داس کی غلطی تھی لیکن یہ ٹیسٹ کرکٹ کی خوبصورتی ہے۔
الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد نے کہا کہ میں نے رضوان اور لٹن داس سے ملاقات کرکے صبح ناشتے پر معاملہ رفع دفع کروایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رضوان کی حکمت عملی ہوتی ہے کہ لوگ پریشان ہوں اور اپنے پلان سے نکل جائیں۔
مشتاق احمد نے کہا کہ میں نے لٹن داس سے کہا تھا کہ جیسا وہ کرے ویسا تم کرو، ایک دوسرے کو تنگ کرنا ٹیسٹ کرکٹ کی بیوٹی بھی ہے، یہ ٹیکٹکلی ایک اچھی موو ہوتی ہے جو آسٹریلیا کے کھلاڑی اکثر کرتے ہیں۔
سابق کرکٹر کے مطابق رضوان نے مجھے بتایا کہ میں تو امپائر سے کہہ رہا تھا، اس وقت رضوان حق پر تھا کیونکہ سائیڈ اسکرین کے سامنے کوئی شخص کھڑا تھا، لٹن بھی یہی کوشش کررہا تھا کہ رضوان کوئی غلط شاٹ کھیل کر آؤٹ ہوجائے۔
انہوں نے کہا کہ بنگلادیش کے کھلاڑی پاکستانی کھلاڑیوں کی عزت کرتے ہیں، میچ کے بعد سارے معاملات حل ہوگئے ہیں۔
مشتاق احمد نے مزید کہا کہ جس گرمی کے موسم میں ٹیسٹ میچ ہورہا ہے اس دوران امپائر کا کردار بہت اہم ہوتا ہے انہیں یہ سب چیزیں بہت باریک بینی سے دیکھنی چاہئیں۔
