(6 مئی 2026): امریکا سمیت تین ممالک کی مشترکہ میزبان میں اگلے ماہ شروع ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کے لیے عالمی تنظیم نے ایران کو بڑی پیشکش کر دی۔
دنیا کے سب سے مقبول کھیل فٹبال کا عالمی کپ اگلے ماہ سے 11 جون سے امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کی مشترکہ میزبانی میں شروع ہو رہا ہے، تاہم مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور ایران کے بائیکاٹ کے اعلان کی وجہ سے میگا ایونٹ سے قبل روایتی جوش وخروش کا فقدان ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فیفا نے عالمی کپ میں ایران کی عدم شرکت کے تنازع کا حل نکالنے کے لے ایرانی فٹ بال فیڈریشن (ایف ایف آئی آر آئی) کو اس سال کے ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق بات چیت کے لیے اپنے ہیڈ کوارٹرز میں مدعو کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ فیفا نے ایف ایف آئی آر آئی سے کہا ہے کہ وہ ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے 20 مئی تک اس کے زیورخ مرکز کا دورہ کرے۔
گذشتہ ہفتے فیفا کے صدر گیانی انفینٹینو نے اس بات کا اعادہ کیا تھا کہ ایران اپنے ورلڈ کپ میچز مقررہ تاریخوں کے مطابق امریکا میں کھیلے گا۔
انفینٹینو نے وینکوور میں فیفا کانگریس میں مندوبین سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ، “میں بالکل تصدیق کرتا ہوں کہ یقیناً ایران فیفا ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کرے گا۔ اور یقیناً ایران امریکا میں کھیلے گا۔”
واضح رہے کہ ایران گروپ جی میں نیوزی لینڈ، بیلجیم اور مصر کے ساتھ ہے اور وہ شیڈول کے مطابق ورلڈ کپ مہم کا آغاز نیوزی لینڈ کے خلاف لاس اینجلس میں 15 جون کو کرے گا۔
