قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے بنگلادیش کے خلاف جاری ٹیسٹ میں ایک اور سنگ میل عبور کرلیا۔ڈھاکا ٹیسٹ کے چوتھے روز بنگلا دیشی بلے باز مومن الحق کو آؤٹ کرکے شاہین آفریدی نے بین الاقوامی کرکٹ میں 400 وکٹوں کا سنگ میل عبور کیا۔شاہین آفریدی یہ سنگ میل عبور کرنے والے پاکستان کے پانچویں فاسٹ بولر ہیں۔ ان سے قبل وسیم اکرم، وقار یونس، عمران خان ، شعیب اختر اور عمرگل بھی یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔اس کے علاوہ مجموعی طور پر وہ پاکستان کے نویں بولر ہیں۔ ان سے قبل 3 پاکستانی اسپنرز بھی یہ کارنامہ سرانجام دے چکے ہیں جن میں شاہد آفریدی، ثقلین مشتاق اور سعید اجمل شامل ہیں۔25 سالہ فاسٹ بولر نے اپنے 211 ویں انٹرنیشنل میچ میں یہ سنگ میل عبورکیا، وہ تمام فارمیٹس میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں بھی نویں نمبر پر ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے ٹکٹوں کی فروخت 22 مئی سے شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔شائقین ٹکٹ آن لائن پی سی بی ٹکٹ پورٹل (pcb.tcs.com.pk) سے خرید سکیں گے۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ون ڈے میچ 30 مئی کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا اور تیسرا ون ڈے 2 اور 4 جون کو قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے۔پی سی بی کے مطابق جنرل انکلوژر ٹکٹ کی قیمت 200 روپے مقرر کی گئی ہے۔
فرسٹ کلاس ٹکٹ 300 روپے، پریمیئم 400 روپے جبکہ وی آئی پی ٹکٹ 500 روپے میں دستیاب ہوں گے۔راولپنڈی میں کھیلے جانے والے میچ کے لیے وی آئی پی گیلری ٹکٹ 1500 روپے رکھا گیا ہے۔
لاہور میں اقبال اینڈ وی آئی پی ٹکٹ 1000 روپے جبکہ جناح اینڈ وی آئی پی ٹکٹ 1500 روپے میں دستیاب ہو گا۔
کارپوریٹ اور ہاسپیٹیلٹی نشستوں کے حصول کے لیے شائقین پی سی بی ہیڈ آفس سے رابطہ کر سکتے ہیں۔