0

وزیراعظم شہباز شریف کی فیفا ورلڈکپ 2026 جیتنے پر اسپین کو مبارک باد

وزیراعظم شہباز شریف  نے فیفا ورلڈکپ 2026 جیتنے پر  اسپین کو  مبارک باد دی ہے۔

ایکس پر جاری پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں فیفا ورلڈکپ 2026 میں اسپین کی شاندار فتح پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ اسپین کی قومی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ کے دوران غیرمعمولی مہارت، اتحاد، نظم و ضبط اور بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا۔

وزیراعظم نے میزبان ملک امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی عوام کو بھی  تاریخی ٹورنامنٹ کے شاندار انتظامات اورکامیاب میزبانی پر دلی مبارک باد پیش کی۔

اس کے علاوہ وزیراعظم نے دیگر شریک میزبان ممالک کینیڈا اور میکسیکو  کی حکومتوں اور عوام کو بھی فیفا ورلڈکپ کی میزبانی میں ان کی مثالی شراکت اور بہترین تعاون پر خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو اور فیفا کی پوری ٹیم کو بھی ورلڈکپ کےکامیاب انعقاد پر سراہا۔

وزیراعظم کا کہناتھا کہ ایک بار پھر فیفا ورلڈکپ نے ہمیں یہ یاد دلایا ہےکہ کھیل ایک عالمگیر زبان ہے، جو سرحدوں سے بالاتر ہو کر انسانیت کو ایک دوسرے سے جوڑتی ہے اور باہمی احترام، دوستی اور اتحادکا جذبہ فروغ دیتی ہے۔ دعا ہےکہ دوستی، یگانگت اور اتحاد کی یہی روح فائنل کی آخری سیٹی بجنے کے بعد بھی ہمیشہ ہمارے ساتھ قائم رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں