کراچی : آٹے کی قیمتوں میں اچانک اور بڑے اضافے نے عوام کی چیخیں نکلوا دی، ایک ہفتے کے دوران مختلف شہروں میں بیس کلو تھیلے کی قیمت میں دو سو روپے تک اضافہ ریکارڈ ہوا۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں بنیادی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو پر لگ گئے ہیں۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ حالیہ اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مختلف شہروں میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 200 روپے تک کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہنا تھا کہپ ملک کے مختلف شہروں میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا، لاہور، حیدرآباد اور لاڑکانہ: ان شہروں میں آٹے کی قیمت میں سب سے زیادہ یعنی 200 روپے تک کا اضافہ ہوا۔
لاہور میں 20 کلو تھیلے کی قیمت 1810 روپے سے بڑھ کر 2000 روپے تک پہنچ گئی جبکہ سرگودھا میں آٹے کا تھیلا 190 روپے اور سکھر میں 160 روپے تک مہنگا ہوا۔
بلوچستان کے دارالحکومت میں قیمتوں میں 80 سے 90 روپے تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ملک کے بڑے شہروں میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا، کراچی میں آٹے کا تھیلا سب سے مہنگا یعنی 2500 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں قیمت 2373 روپے ریکارڈ کی گئی جبکہ پشاور میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2350 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
آٹے کی قیمتوں میں اچانک اور بڑے اضافے نے غریب اور متوسط طبقے کی چیخیں نکلوا دی ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ آٹے جیسی بنیادی ضرورت کی قیمت میں ایک ہی ہفتے کے دوران اتنا بڑا اضافہ حکومتی کنٹرول اور پرائس چیکنگ میکانزم پر سوالیہ نشان ہے۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ بڑھتی ہوئی قیمتوں کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
