0

بنگلہ دیش نے تاریخ رقم کر دی، اپنی سر زمین پر پہلی بار پاکستان کو ٹیسٹ میچ ہرا دیا

ڈھاکا (12 مئی 2026): بنگلہ دیش نے پاکستان اپنی سر زمین پر پہلی بار ٹیسٹ ہرا کر تاریخ رقم کرنے کے ساتھ طویل فارمیٹ میں پاکستان کے خلاف فتوحات کی ہیٹ ٹرک بھی مکمل کر لی ہے۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ ڈھاکا کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جو میزبان ٹیم نے 104 رنز سے جیت کر ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے خلاف فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی۔

میچ کے پانچویں اور آخری روز بنگلہ دیش نے کھانے کے وقفے سے کچھ وقت قبل اپنی دوسری اننگ 240 رنز 9 وکٹوں پر ڈکلیئر کر دی اور پاکستان کو جیت کے لیے 268 رنز کا ہدف دیا تھا۔

تاہم پاکستانی بیٹنگ لائن سپر فلاپ رہی اور پوری ٹیم 163 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ بنگلہ دیش نے 104 رنز کے بڑے مارجن سے قومی ٹیم کو ہرایا۔

بڑے ناموں سے سجی ٹیم دو سیشن کھیلنے میں ناکام رہی۔ کپتان شان مسعود پہلی اننگ کی طرح دوسری اننگ میں بھی ناکام رہے۔ تقریباً تمام کھلاڑی غیر ضروری شاٹ کھیل کر اپنی وکٹیں گنواتے رہے۔

پاکستان کی جانب سے ٹاپ اسکورر عبداللہ فضل رہے، جنہوں نے دوسری اننگ میں بھی نصف سنچری اسکور کی اور 66 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

سلمان علی آغا 26 جب کہ اذان اویس، سعود شکیل اور محمد رضوان صرف 15، 15 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ پانچ کھلاڑی ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہو سکے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے دوسری اننگ کے سب سے کامیاب بولر ناہید رانا رہے، جنہوں نے پانچ پاکستانی کھلاڑیوں کو پویلین بھیج کر اپنی ٹیم کے لیے فتح کا دروازہ کھولا۔ تسکین احمد اور تیج الاسلام نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بنگلہ دیشی کپتان نجم الحسن شنٹو کو دونوں اننگز میں شاندار بیٹنگ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستان ٹیم اپنا دوسرا میچ 15 فروری سے سلہٹ میں کھیلے گی۔ دو میچوں پر مشتمل یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی اپنی سر زمین پر پاکستان کے خلاف یہ پہلی ٹیسٹ فتح ہے۔ بنگلہ ٹیم نے تاریخ رقم کرنے کے ساتھ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ فتوحات کی ہیٹ ٹرک بھی مکمل کر لی۔

بنگلہ دیش کی ٹیم نے 2024 میں دورہ پاکستان میں قومی ٹیم کو اسی کی سر زمین پر دو میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کیا تھا۔ اس سے قبل پاکستان ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف ناقابل شکست تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں