اوراب کھیلوں کےمیدان سے کچھ خبروں پرایک نظر۔۔
بھارت کے اسٹار فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے ٹی 20 کرکٹ کی تاریخ کا ناپسندیدہ اور منفرد ریکارڈ بنا لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جسپریت بمراہ کا آئی پی ایل 2026ء کا سیزن انتہائی مایوس کن رہا ہے، وہ ٹورنامنٹ میں ممبئی انڈینز کی جانب سے کھیل رہے تھے۔ٹورنامنٹ میں بھارتی پیسر جسپریت بمراہ ہر وکٹ کے لیے 100 سے زائد رنز دینے والے پہلے بولر بن گئے، بمراہ نے ممبئی انڈینز کے لیے کھیلتے ہوئے 13 میچوں میں 8.37 کے اکانومی ریٹ سے 294 رنز دیے۔بھارتی کھلاڑی جسپریت بمراہ سیزن کے کسی بھی میچ میں ایک سے زیادہ وکٹ حاصل نہ کر سکے، وہ آئی پی ایل کے 13 میچوں میں صرف 4 وکٹیں حاصل کر سکے۔آئی پی ایل 2026ء میں بمراہ کی بولنگ اوسط 102.50 اور اسٹرائیک ریٹ 73.50 رہا، جبکہ ان کا ریکارڈ 40 اوورز کی کم از کم اہلیت کے معیار کو بنیاد بنا کر نکالا گیا ہے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر سعید انور کی حج کے موقع پر لی گئی تصاویر سب کی توجہ کا مرکز بن گئیں۔سعید انور جب سے تبلیغ کی طرف گئے ہیں وہ لائم لائٹ میں نہیں آتے، ان کی تصاویر کبھی کبھار ہی سامنے آتی ہیں، حج کے موقع پر سامنے آنے والی ان کی تصاویر وائرل ہو گئیں۔تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سعید انور کے ساتھ تبلیغی بیان کے دوران سابق کپتان وسیم اکرم، صباح الحق اور گلوکار و اینکر فخر عالم بھی موجود ہیں۔وسیم اکرم، مصباح الحق اور فخر عالم ایک ساتھ حج کرنے گئے ہوئے ہیں۔سعید انور کی تصاویر گلوکار اور اینکر فخر عالم نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی ہیں۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم اگلے سال انگلینڈ میں 1 ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔برطانوی میڈیا کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان واحد ٹیسٹ میچ اگلے سال مئی میں کھیلا جائے گا، یہ میچ بھارتی آئی پی ایل کے دوران شیڈول ہے۔واضح رہے کہ انگلینڈ کے متعدد کھلاڑی آئی پی ایل کی وجہ سے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑ چکے ہیں جبکہ پاکستان و انگلینڈ کے ٹیسٹ میچ کو ایشز سیریز سے پہلے وارم اپ گیم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔