یران کے صدر مسعود پزشکیان نے حالیہ بحران کی وجہ سے خطے کے عوام کو پہنچنے والی تکلیف پر معذرت کی ہے، اور خطے کے ممالک کو امریکی اور اسرائیلی سازشوں کے خلاف متحد ہونے کی اپیل کی۔
مسعود پزشکیان نے کہا کسی ملک سے جنگ نہیں چاہتے لیکن اگر حملہ ہوا تو ایران خاموش نہیں رہے گا، ایران کسی غنڈہ گردی، ظلم یا جارحیت کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کرے گا، امریکی صدر ٹرمپ نے سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچایا ہے، ایرانی قوم دشمنوں کے خلاف متحد ہے، اور ملکی سرزمین کا ایک انچ بھی کسی کو نہیں لینے دیں گے۔
تل ابیب اور بیرشیبا پر پاسداران انقلاب نے ایرانی میزائلوں سے اہم فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے، ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق اردن کے موفق السلطي ایئر بیس پر متعدد میزائل حملے کیے گئے، جو کہ امریکی طیاروں کا سب سے بڑا اور فعال مرکز ہے، اردن کے شہر ازرق میں ایئر بیس کو کئی مرتبہ نشانہ بنایا گیا، پاسداران نے کہا ہے کہ آئندہ حملوں کی شدت اور دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔
پاسدارانِ انقلاب نے آپریشن وعدہ صادق 4 کے 28 ویں مرحلے کا آغاز کر دیا ہے، اور تازہ حملوں میں نئی نسل کے جدید ترین میزائلوں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
یو اے ای وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے آج 17 بیلسٹک میزائلوں کی نشان دہی کی، جن میں سے 16 کو تباہ کر دیا گیا جب کہ ایک سمندر میں گرا، 117 ڈرونز ڈی ٹیکٹ کیے گئے جن میں سے 113 کو مار گرایا گیا جب کہ 4 ریاستی حدود میں گرے، مجموعی طور پر اب تک یو اے ای پر داغے گئے 238 بیلسٹک میزائلوں کا سراغ لگایا جا چکا ہے، جن میں سے 221 تباہ کیے گئے، 15 سمندر میں گرے اور 2 یو اے ای کی حدود میں گرے۔
