کراچی (5 مئی 2026): پشاور زلمی کو چیمپئن بنانے والے اسٹار بیٹر بابر اعظم نے ٹرافی جیتنے کے بعد نئی خواہش کا اظہار کر دیا۔
پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم جو طویل عرصہ بعد فارم میں آئے اور ان کی فارم ایسی واپس آئی کہ نہ صرف پی ایس ایل 11 میں ان کا بلا مسلسل رنز اگلتا رہا بلکہ انہوں نے اپنی ٹیم پشاور زلمی کو چیمپئن بھی بنوا دیا۔
ٹرافی جیتنے کے بعد انہوں نے نئی خواہش کا اظہار کیا ہے اور اس کے لیے انہوں نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کا سہارا لیا ہے۔
بابر اعظم نے انسٹاگرام پر پی ایس ایل جیتنے کے یادگار لمحات کی کچھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ الحمدللہ! ہم چیمپئن بن گئے۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی۔ مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے، ہم ہر لمحہ ساتھ کھڑی رہے۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ میں اپنی فیملی، پشاور زلمی کی انتظامیہ اور اپنے دوستوں کا ہر مشکل وقت میں ساتھ دینے کے لیے شکریہ بھی ادا کیا ہے۔
اسٹار بیٹر نے اپنے ماضی کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ایک وقت وہ تھا جب میں بطور بال پکر گراؤنڈ میں سائیڈ پر کھڑا اسی طرح کے لمحات کا صرف خواب دیکھ رہا ہوتا تھا۔
بابر اعظم نے آگے اپنی خواہش ظاہر کرتے ہوئے لکھا کہ اب میری خواہش ہے کہ اگر آج ایک بال پکر بھی یہ یقین کر کے بیٹ اٹھاتا ہے کہ وہ کل کرکٹر بن سکتا ہے تو ’’آج کی یہ فتح میرے لیے سب کچھ ہے۔‘‘
