فیفا ورلڈ کپ 2026 میں شامل جنوبی امریکی ٹیم پیراگوئے کے فٹبالر میگوئل المیرون کو ایک میچ کےلیے معطل کردیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پیراگوئے اور ترکیہ کے 19 جون والے میچ میں میگوئل کو ریڈ کارڈ دکھایا گیا تھا، فیفا کا کہنا ہے کہ میگوئل کو فیفا ڈسپلنری کوڈ کے آرٹیکل 14.1 بی کی خلاف ورزی پر معطل کیا گیا ہے۔
فٹبال کی عالمی تنظیم کے مطابق معطلی پیراگوئے کے فیفا ورلڈکپ 2026 کے اگلے میچ میں نافذ ہوگی جبکہ معطلی کے فیصلے کے خلاف اپیل نہیں کی جا سکتی۔
میگوئل کو معطل کیوں کیا گیا؟
میگوئل المیرون کو یہ سزا اس وقت دی گئی جب انہیں ترکیہ کے کھلاڑی میرٹ مولدور کے ساتھ تنازع کے دوران اپنا منہ ہاتھ سے ڈھانپنے پر ریڈ کارڈ ملا۔
یہ واقعہ جمعہ کو پیراگوئے اور ترکی کے درمیان کھیلے گئے میچ میں پیش آیا، جہاں پیراگوئے نے ایک گول سے کامیابی حاصل کی تھی، میچ کے پہلے ہاف کے آخری لمحات میں المیرون اور مولدور کے درمیان بحث ہوئی، جس دوران المیرون نے اپنا منہ ڈھانپ لیا۔
نئے قوانین کے تحت کھلاڑیوں کو اس طرح منہ چھپانے کی اجازت نہیں ہے کیونکہ اس سے یہ خدشہ ہوتا ہے کہ وہ اپنے الفاظ کو چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
