لاہور: پاکستان کے دورہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے لیے ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان آئندہ ہفتے کئے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق رواں ہفتے قومی سلیکٹرز حتمی مشاورت کے لیے بیٹھے تاہم اسکواڈ کا اعلان نہ ہوا، کھلاڑیوں کے فٹنس مسائل سامنے آنے کے باعث قومی اسکواڈ کا اعلان نہ کیا گیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ کھلاڑیوں کے فٹنس مسائل کے باعث ریڈ بال کیمپ میں مزید کھلاڑیوں کو طلب کیا گیا، عبداللہ شفیق، کامران غلام، حمزہ نذر، روحیل نذیر اور عرفات منہاس ریڈ بال کیمپ میں شامل ہوئے جبکہ محمد رضوان اور سعود شکیل کی ری کوری پر کام کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے ریڈبال کیمپ میں شامل فٹنس مسائل سے دوچار کھلاڑیوں کی آئندہ ہفتے اسسمنٹ کی جائے گی، اسسمنٹ کے بعد ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کیا جائے گا، ٹیسٹ اسکواڈ کے اعلان کے ساتھ ریڈ بال کیمپ کو بھی ختم کردیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق سعود شکیل اور محمد رضوان کے بیک اپ کے لیے کھلاڑی بلائے گئے ہیں وہ ٹیم سے باہر نہیں ہوئے، اسپنرز میں علی عثمان بھی اسکواڈ میں شمولیت کے امیدوار ہیں۔
قومی ٹیم کا ویسٹ انڈیز میں پریکٹس میچ 18 جولائی جبکہ پہلا ٹیسٹ 25 جولائی سے شروع ہونا ہے۔
