0

قومی کرکٹرز کے لیے بڑی خوشخبریاں

لاہور(29 جون 2026): پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی میچ فیس میں اضافے کی منظوری دے دی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت بورڈ آف گورنرز کا 84واں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کھلاڑیوں اور کرکٹ کے بنیادی ڈھانچے کے لیے کئی بڑے اور تاریخی فیصلوں کی منظوری دی گئی ہے۔ اجلاس میں نئے مالی سال 2026-27 کے سرپلس بجٹ اور پی ایس ایل 12 کے بجٹ کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی، جبکہ پاکستان سپر لیگ کو انتظامی و مالیاتی طور پر مکمل طور پر خودمختار بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

اجلاس میں ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کے لیے بجٹ 3 ارب سے بڑھا کر 4 ارب روپے کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ کھلاڑیوں کے لیے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کے فارمیٹ اور ادائیگی کے طریقہ کار کے ساتھ ساتھ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی میچ فیس میں اضافے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

اس بجٹ میں سب سے بڑا ریلیف ڈومیسٹک کھلاڑیوں کو دیا گیا ہے، جس کے تحت قائد اعظم ٹرافی کے کھلاڑیوں کی میچ فیس 30 ہزار سے بڑھا کر 1 لاکھ روپے اور ریزرو کھلاڑیوں کی میچ فیس 15 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ریجنل گراؤنڈ اسٹاف کی کم از کم تنخواہ بڑھا کر 42 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کرکٹ انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لیے نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کراچی اور دیگر اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کے لیے 6 ارب 70 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ملک بھر میں مزید 12 کرکٹ گراؤنڈز کو فعال کرنے اور ہیومن ریسورس کے لیے فنڈز جاری کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

لاہور کے ہائی پرفارمنس سینٹر میں کھلاڑیوں کی فٹنس اور باؤلنگ ایکشن کی جانچ کے لیے بائیو میکینکس مشین لگانے کے فنڈز بھی منظور کر لیے گئے ہیں۔ خواتین کرکٹ کے لیے ویمنز ون ڈے اور ٹی 20 ٹورنامنٹس کے انعقاد اور خصوصی فنڈز کی منظوری بھی عمل میں آئی ہے۔

اجلاس کے دوران چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضیٰ نے نئے مالی سال کے بجٹ اور اعدادوشمار پر تفصیلی بریفنگ دی، جس کے بعد بورڈ آف گورنرز نے گزشتہ میٹنگ کے فیصلوں کی توثیق کر دی۔

اجلاس میں بی او جی ممبران انوار غنی، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، اسماعیل قریشی، سجاد کھوکھر، تنویر احمد، عدنان ملک، مایہ ناز سابق کرکٹر ظہیر عباس، ایڈیشنل سیکرٹری کابینہ ڈویژن میر حسن نقوی، چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد، سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں