انگلش پریمیئر لیگ کے سابق چیف ریفری کیتھ ہیکیٹ کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل فیڈریشن آف ایسوسی ایشن فٹبال (فیفا) کو 2026 کے ورلڈ کپ فائنل کے بعد جنم لینے والے تلخ مناظر اور بداخلاقی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ارجنٹائن کے مڈفیلڈر لیانڈرو پاریدیس پر کم از کم 10 میچوں کی پابندی عائد کرنی چاہیے تاکہ کھیل میں ڈسپلن کی مثال قائم کی جا سکے۔
نیویارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں ماحول اس وقت مزید کشیدہ ہو گیا جب اینزو فرنانڈیز کو پو کُبارسی پر فاؤل کرنے پر دوسرا یلو کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔
ریفری سلاوکو ونچچ کی جانب سے فائنل وکٹری کا وسل بجاتے ہی جب اسپین کی ٹیم دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بنی اور کوچ لوئس ڈی لا فونٹے کے کھلاڑی میدان میں خوشی منانے لگے، تو گراؤنڈ جنگ کا میدان بن گیا۔
ارجنٹائن کے کھلاڑی ناہوئیل مولینا نے روڈری کو مکا مار کر ہنگامے کی شروعات کی جس کے بعد بوکا جونیئرز کے اسٹار لیانڈرو پاریدیس نے جلتی پر تیل کا کام کرتے ہوئے ایرک گارسیہ اور گاوی کو گراؤنڈ کے وسط میں نشانہ بنایا۔
پاریدیس کا رویہ کھیل کے لیے “شرمناک” قرار
‘فٹبال انسائیڈر’ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق فیفا ریفری کیتھ ہیکیٹ نے ارجنٹائنی مڈفیلڈر کے رویے پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے “شرمناک اور ناقابلِ قبول” قرار دیا۔
کیتھ ہیکیٹ نے کہا کہ یہ دنیا کا سب سے بڑا اسٹیج ہے جو کچھ ہوا وہ حد درجہ افسوسناک اور ناقابلِ برداشت تھا، میرے خیال میں اس پر کم از کم 10 میچوں کی پابندی ہونی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ریفری نے اپنا کام کرتے ہوئے ریڈ کارڈ دکھایا، فیفا دنیا بھر میں نشر ہونے والی ان تصاویر سے یقیناً ناخوش ہوگی، حقیقت یہ ہے کہ یہ ایک اچھا فائنل نہیں تھا، کھیل کی خوبصورتی کہیں گم ہو گئی تھی اور ورلڈ کپ کا اختتام تشدد اور نامناسب رویے پر ہوا،اب یہ فیفا کی ذمہ داری ہے کہ وہ کھیل کا وقار اور اپنا نظم و ضبط بحال کرے۔
کیا پاریدیس کی سزا تاریخ رقم کرے گی؟
عالمی کپ کی تاریخ میں میچ کے بعد کارروائی کی مثالیں انتہائی کم ملتی ہیں تاہم اگر فیفا سخت قدم اٹھاتی ہے تو پاریدیس ایک نیا ریکارڈ بنا سکتے ہیں۔
2014 میں لوئس سواریز کو اطالوی کھلاڑی جیورجیو کیئلینی کو دانت کاٹنے پر 9 بین الاقوامی میچوں کی پابندی اور 4 ماہ کے لیے تمام فٹبال سرگرمیوں سے معطل کیا گیا تھا۔
اسی طرح 1994 میں مورو تاسوتی کو لوئس اینریکے کو کہنی مارنے پر 8 میچوں کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا جب کہ 1986 میں خوسے باٹسٹا شدید فاؤلنگ پر 3 میچوں کی پابندی جھیل چکے ہیں۔
