آسٹریلیا کے ساتھ تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی سیریز کے لیے پاکستان کے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔
پی سی بی کے مطابق شاہین شاہ آفریدی آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ اس کے علاوہ احمد دانیال، عرفات منہاس اور روحیل نذیر قومی ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
بابر اعظم، نسیم شاہ، شاداب خان اور سفیان مقیم کی قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، محمد غازی غوری اور روحیل نذیر کو اسکواڈ میں وکٹ کیپر بیٹرز کے طور پر شامل کیا گیا۔
عثمان خان بیماری کے باعث آسٹریلیا کے لیے زیر غور نہیں آئے، جب کہ فخر زمان اور صائم ایوب انجری کے باعث بدستور ری ہیبلیٹیشن پروگرام جاری رکھیں گے۔
اس کے علاوہ فہیم اشرف ، فیصل اکرم ، حسین طلعت ، محمد رضوان وسیم جونئیر اور سعد مسعود کو ڈراپ کیا گیا ہے۔
قومی اسکواڈ:
آسٹریلیا کے ساتھ ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ میں شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، سلمان علی آغا (نائب کپتان)، عبدالصمد، ابرار احمد، احمد دانیال اور عرفات منہاس، بابر اعظم، معاذ صداقت، محمد غازی غوری، نسیم شاہ اور روحیل نذیر بھی شامل ہیں۔
حارث رؤف، صاحبزادہ فرحان، شاداب خان، شمائل حسین اور سفیان مقیم بھی آسٹریلیا کے ساتھ 16 رکنی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی سیریز 30 مئی سے 4 جون تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔
