0

انگلش کرکٹ بورڈ نے میک کولم کو ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے ہٹا دیا

انگلش کرکٹ بورڈ نے برینڈن میک کولم کو انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے الگ کرنے کا اعلان کردیا  تاہم وہ بدستور انگلینڈ کی وائٹ بال ٹیموں کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔

ای سی بی کے مطابق برینڈن میک کولم کی بطور ٹیسٹ ٹیم ہیڈ کوچ چار سالہ مدت اختتام پذیر ہوگئی ہے جس کے بعد بورڈ نے ٹیسٹ ٹیم کے لیے نئی قیادت لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ای سی بی کے چیف ایگزیکٹو رچرڈ گولڈ نے کہا کہ میک کولم نے انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم میں نئی روح پھونکی اور کئی یادگار فتوحات حاصل کیں تاہم اب ایشز سیریز میں کامیابی کے ہدف کے پیش نظر تبدیلی کا وقت آگیا ہے۔

برینڈن میک کولم نے اپنے بیان میں کہا کہ انہیں انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ پر فخر ہے اور وہ کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور مداحوں کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس فیصلے پر مایوس ضرور ہیں لیکن اس کا احترام کرتے ہیں جبکہ اب ان کی پوری توجہ وائٹ بال ٹیموں کو مزید کامیاب بنانے پر ہوگی۔

دوسری جانب برطانوی میڈیا کے مطابق برینڈن میک کولم کو ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ سے برطرف کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد انگلش بورڈ نے یہ فیصلہ کیا، انگلینڈ اب پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل نئے ٹیسٹ ہیڈ کوچ کی تلاش کرے گا۔

برینڈن میک کولم نے 2022 میں انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ سنبھالی تھی اور بین اسٹوکس کے ساتھ مل کر جارحانہ طرزِ کھیل کو فروغ دیا جسے کرکٹ حلقوں میں “باز بال” کے نام سے شہرت ملی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں