بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے سابق صدر امین الاسلام نے آئی سی سی کو خط لکھ کر بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کی فنڈنگ منجمد کرنے کی درخواست کر دی۔
بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق سابق صدر بی سی بی امین الاسلام نے رواں ہفتے آئی سی سی کو 14 صفحات پر مشتمل خط ارسال کیا، جس میں انہوں نے بی سی بی کی قانونی حیثیت پر سوالات اٹھائے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق امین الاسلام نے آئی سی سی سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں دوبارہ بی سی بی کے صدر کے عہدے پر بحال کرایا جائے اور اس وقت تک بورڈ کو مالی معاونت فراہم نہ کی جائے۔
بنگلادیشی میڈیا کا کہنا ہے کہ خط موصول ہونے کی تصدیق کر دی گئی ہے اور آئی سی سی نے اس حوالے سے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کو بھی آگاہ کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بنگلادیش کرکٹ بورڈ اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد آئی سی سی کو اس خط سے متعلق باضابطہ جواب دے گا۔
امین الاسلام نے اپنے حوالے سے چھپنے والی خبروں کی تردید
دوسری جانب بی سی بی کے سابق صدر امین الاسلام نے اپنے حوالے سے چھپنے والی خبروں کی تردید کر دی۔
امین الاسلام نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ آئی سی سی کو بی سی بی کے فنڈز روکنے کی درخواست کے حوالے سے خبر دیکھی ہے، یہ مکمل جھوٹ ہے ، کبھی ایسا ممکن نہیں ہے، میری طرف سے ایسی کوئی درخواست نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ مخصوص لوگ مجھے ڈسٹرب کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں، وہ ہمیشہ ناکام ہوئے ہیں اور اس مرتبہ بھی ہوں گے، میں بنگلا دیش کو نقصان پہنچانے والی درخواست کبھی آئی سی سی کو نہیں کروں گا، آئی سی سی میری بات کیوں سنے گی، اب تو میری آئی سی سی میں پہنچ بھی نہیں ہے۔
