0

بیٹنگ کے دوران سوچ ٹیم کی ضرورت کے مطابق ہوتی ہے، ٹیم کو ضرورت ہو تو تیز کھیلتا ہوں: بابر

قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہےکہ بیٹنگ کے دوران ان کی سوچ ہمیشہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق ہوتی ہے اور اگر ٹیم کو تیز کھیلنے کی ضرورت ہو تو تیز کھیلتا ہوں۔ْ

بابراعظم نے پی سی بی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی کپتانی کرنا ہمیشہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے، ماضی کے تجربات سے بہت کچھ سیکھا ہے، اس بار بہتر پلاننگ اور مثبت سوچ کے ساتھ لیڈ کروں گا۔

قومی کرکٹر نے کہا کہ وقت کے ساتھ کپتانی میں پختگی اور کلیئرٹی آتی ہے، بطور کپتان اپنے فیصلوں کا جائزہ لیا اور ان سے سیکھنے کی کوشش کی، میری کوشش ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو مشکل وقت میں سپورٹ کروں، انٹرنیشنل کرکٹ دباؤ کا کھیل ہے۔

بابراعظم کا کہنا تھا کہ نوجوانوں سے بات کرکے ان پر دباؤ کم کرنے کی کوشش کرتا ہوں، میری توجہ ڈسپلن، فٹنس اور پرفارمنس پر ہے، ان پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، این سی اے ریڈ بال کیمپ ٹیم کے لیے بہت اہم رہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مشکل کنڈیشنز میں ٹریننگ سے کھلاڑی مضبوط ہوتے ہیں،کیمپ میں میچ کے دباؤ اور مختلف صورتحال سے نمٹنے پر کام کیا گیا، ویسٹ انڈیز کا دورہ چیلنجنگ ہوگا لیکن ہم نے اس کی تیاری کی ہے، کئی کھلاڑیوں کو کاؤنٹی کرکٹ کا تجربہ ہے، انگلینڈ میں یہ مددگار ہوگا۔

بابراعظم کا کہنا تھا کہ بیٹنگ کے دوران میری سوچ ہمیشہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق ہوتی ہے، اگر ٹیم کو تیز کھیلنے کی ضرورت ہو تو تیز کھیلتا ہوں، صورتحال کے مطابق دفاعی بیٹنگ کرتاہوں ، مثبت تنقید کو سنتے ہیں اور مفید باتوں پر عمل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، نتائج ایک ہفتے یا ایک ماہ میں نہیں آتے، روٹین بہت اہم ہوتی ہے، فینز کی توقعات ہمیشہ زیادہ ہوتی ہیں اور ہم اس بات کو سمجھتے ہیں، شائقین کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں