لاہور: پاکستان 2027 میں 5 ایک روزہ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ کا دورہ کرے گا۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان5 ون ڈے انٹرنیشنل میچز 15 سے 26 مئی 2027 تک ساؤتھمپٹن، مانچسٹر، لیڈز، چیسٹر لی اسٹریٹ اور کارڈف میں کھیلے جائیں گے۔
سیریز کا پہلا ون ڈے 15 مئی کو ساؤتھمپٹن میں کھیلا جائے گا، دوسرا ون ڈے 19 مئی کو مانچسٹر، تیسرا ون ڈے 21 مئی کو لیڈز اور دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا چوتھا میچ 23 مئی کو چیسٹر لی اسٹریٹ میں کھیلا جائے گا جب کہ پانچواں اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ 26 مئی کو کارڈف میں ہوگا۔
پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز دونوں ٹیموں کے لیے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2027 کی تیاری کا اہم موقع ہوگی۔
آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2027، 4 اکتوبر سے 21 نومبر تک جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں کھیلا جائے گا، آئی سی سی مینز ون ڈے ٹیم رینکنگ میں پاکستان پانچویں جب کہ انگلینڈ ساتویں نمبر پر موجود ہے۔
پاکستان نے آخری بار 2021 میں تین ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے لیے انگلینڈ کا دورہ کیا تھا۔
