اوراب کھیل کےمیدان سے کھیلوں کی خبروں پر ایک نظر۔۔
آسٹریلیا نے دوسرے ون ڈے میں پاکستان کو 41 رنز سے ہرادیا، 232 رنز کے ہدف کے جواب میں قومی ٹیم 190 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف دوسرے ون ڈے میں مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 231 رنز بنائے۔ 232 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم شدید مشکلات کا شکار ہوگئی اور صرف 58 رنز پر اپنی 5 اہم وکٹیں گنوا بیٹھی، شاداب خان کی مزاحمت بھی ٹیم کو فتح نہیں دلواسکی۔
انڈر 18 ہاکی ایشیا کپ میں پاکستان ٹیم بنگلادیش کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔جاپان میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو 2 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دی۔پاکستان کی جانب سے عبداللّٰہ اعوان نے 2 گول کیے جبکہ حیدر عصام، محمد یحییٰ اور عدیم نے ایک ایک گول کیا۔قومی ٹیم 5 جون جمعے کو سیمی فائنل کھیلے گی جس میں پاکستان کا مقابلہ جاپان یا بھارت کی ٹیم سے ہو گا۔سیمی فائنل میں پاکستان اور بھارت کے مقابلے کا زیادہ امکان ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی پلیئر رینکنگ جاری کر دی۔بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین آفریدی اور ابرار احمد کی درجہ بندی بہتر ہو گئی۔آئی سی سی کے اعلامیے کے مطابق ٹیسٹ بیٹرز کی رینکنگ میں انگلینڈ کے جو روٹ کا پہلا نمبر برقرار رہا اور نیوزی لینڈ کے راچن رویندرا 2 درجے ترقی کے بعد 9 ویں نمبر پر آ گئے۔ٹاپ 10 ٹیسٹ بیٹرز میں پاکستان کا کوئی بیٹر شامل نہیں، محمد رضوان 1 درجے ترقی کے بعد 20 ویں اور بابر اعظم 1 درجے ترقی کے بعد 21 ویں نمبر پر آ گئے جب کہ نیوزی لینڈ کے ٹام بلنڈل 8 درجے ترقی کے بعد 40 ویں نمبر پر براجمان ہیں۔ ئی سی سی کے اعلامیے کے مطابق آئی سی سی ون ڈے بیٹرز کی رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل کی پہلی پوزیشن اور پاکستان کے بابر اعظم کی چھٹی پوزیشن برقرار رہی ہے۔پاکستان کے سلمان علی آغا 5 درجے تنزلی کے بعد 14 ویں نمبر پر جب کہ آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ 2 درجہ تنزلی کے بعد 15 ویں پوزیشن پر چلے گئے۔آسٹریلیا کے کیمرون گرین 5 درجہ بہتری کے بعد 63 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے اور آسٹریلیا کے میتھیو رینشا 102 نمبر سے لمبی چھلانگ لگا کر 78 ویں پوزیشن پر براجمان ہو گئے۔