ممبئی(21 مئی 2026): کولکتہ نائٹ رائیڈرز سے شکست کے بعد بھارتی آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کو بی سی سی آئی کی جانب سے بڑی سزا سنادی گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق انڈین پریمیئر لیگ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف میچ میں شکست کے بعد ممبئی انڈینز کے کپتان ہاردک پانڈیا پر بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھاری جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔
ہاردک پانڈیا کو یہ سزا میچ کے دوران سلو اوور ریٹ یعنی مقررہ وقت میں اوورز پورے نہ کرنے کی وجہ سے دی گئی ہے۔ آئی پی ایل کے ضابطہ اخلاق کے تحت یہ ممبئی انڈینز کا رواں سیزن میں سلو اوور ریٹ کا پہلا جرم تھا۔
سلو اوور ریٹ کی اس پہلی غلطی پر کپتان ہاردک پانڈیا پر 12 لاکھ بھارتی روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ چونکہ یہ سیزن کی پہلی غلطی تھی، اس لیے ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں پر کوئی جرمانہ نہیں لگایا گیا، تاہم کپتان کو براہ راست ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے سزا دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس میچ میں ممبئی انڈینز کو کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، اور میچ ہارنے کے فوراً بعد کپتان کے لیے یہ جرمانہ ایک اور بڑا دھچکا ثابت ہوا ہے۔
بی سی سی آئی آئی پی ایل میچز کو وقت پر ختم کرنے کے لیے سلو اوور ریٹ کے قوانین پر سختی سے عمل درآمد کر رہا ہے۔
