امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی پُل ٹوٹ گئے۔۔۔ قطر کی تمام کوششیں دم توڑ گئیں! امریکی میڈیا ‘ایگزیوس’ کا تہلکہ خیز انکشاف؛ قطری ثالثوں کی تمام تر دوڑ دھوپ کے باوجود واشنگٹن اور تہران کے درمیان مذاکرات مکمل طور پر تعطل کا شکار ہو چکے ہیں۔ فریقین اپنی ہٹ دھرمی پر قائم ہیں، ایران کا مؤقف ہے کہ امریکا پہلے جون کے مفاہمتی سمجھوتے پر واپس آئے تبھی کسی نئے معاملے پر بات ہوگی۔
قطری ثالثوں کی جانب سے دونوں فریقین کے درمیان اختلافات کم کرنے کے لیے رابطوں کا سلسلہ جاری رہا۔ تاہم اہم معاملات پر دونوں جانب سے مؤقف میں نمایاں تبدیلی سامنے نہیں آئی۔ ایران آبنائے ہرمز کے معاملے کو مذاکرات میں مرکزی اہمیت دے رہا ہے، جبکہ واشنگٹن جوہری پروگرام سے متعلق رعایتوں پر زور دے رہا ہے۔ مذاکرات میں تعطل کے باعث خطے میں کشیدگی کم کرنے کی سفارتی کوششوں کو ایک نئے چیلنج کا سامنا ہے۔ اب نظریں اس بات پر ہیں کہ قطر اور دیگر ثالثی کرنے والے ممالک فریقین کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے میں کامیاب ہوتے ہیں یا نہیں۔
